Home / Latest News / افواہیں پھیلانا چھوڑ دیں، روپے کی قدر میں بڑی کمی کی کوئی وجہ نہیں: وزیر خزانہ

افواہیں پھیلانا چھوڑ دیں، روپے کی قدر میں بڑی کمی کی کوئی وجہ نہیں: وزیر خزانہ

کراچی: وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے واضح کہا جاچکا ہے کہ روپیہ توازن میں ہے اور روپے کی قدر میں کمی کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ روپے کی قدر مارکیٹ سے ہم آہنگ ہوگئی ہے جسے مصنوعی طور پر اونچا رکھا گیا تھا اور اسٹیٹ بینک نے بھی یہ بات کی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مارکٹ بہت پرکشش ہے اس لیے ڈالر خرید کر اپنے پیسے برباد نہ کریں، انٹر لوپ کے شیئرز خریدیں اور مارکیٹ میں پیسہ لگائیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کسی دن اخبار میں خبر لگ جاتی ہے کہ اسد عمر نے کہہ دیا کہ ڈالر 160 کا ہوگیا اور کبھی کہا جاتا ہے کہ آئی ایم ایف نے کہہ دیا کہ ڈالر 180 کا ہو جائے گا، خدا کا واسطہ افواہیں پھیلانی چھوڑ دیں۔

اسد عمر نے کہا کہ آئی ایم ایف کا کوئی مطالبہ بھی نہیں کہ ایکسچینج ریٹ کیا ہونا چاہیے، ہم نے بہت بڑے بڑے فیصلے کیے اور بڑے مشکل فیصلے بھی کیے ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان 300 سے 350 ارب ڈالر کی اکانومی ہے اور دنیا 70 ٹریلین سے زیادہ کی اکانومی ہے، جب تک عالمی اکانومی کے ساتھ چلنا نہیں سیکھتے ہم پاکستان کو جہاں لے جانا چاہتے ہیں نہیں لے جاسکتے۔

اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے بہت مشکل فیصلے کئے ہیں، تبدیلی کو عام طور پر پسند نہیں کیا جاتا ہے اور اس سے تباہی بھی ہوتی ہے تاہم دنیا کے نظام کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، تبدیلی کو مرحلہ وار متعارف کرانا چاہیے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ شرح تبادلہ کے لیول پر بات نہیں ہوئی، ہمیں اپنے قوانین کو دنیا کے بہترین طریقوں پر منتقل کرنا ہے اور ہمیں سرکاری سوچ سے نکلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ بچتوں کے فروغ میں اپنی صلاحیت سے کم نتائج دے رہی ہے، مارکیٹ ضرورت سے زائد ریگولیٹڈ ہے اور پاکستانی معیشت کا حجم معاشی نمو کے مقاصد نہیں دے رہی۔

Share your Comments

comments