سرفراز نواز نے پنشن بحالی اور واجبات کی ادائیگی کیلئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کر دی

لندن پاکستان کرکٹ ٹیم کو کئی میچز جتوانے میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے سابق لیجنڈ باؤلر سرفراز نواز نے اپنی پنشن بحالی اور واجبات کی ادائیگی کے لئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کر دی ۔

عارضہ قلب میں مبتلا سرفراز نواز گزشتہ دو سال سے لندن میں کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں ، حال ہی میں لندن کے ویکسین سینٹر میں ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ لاٹھی کا سہارا لے کر ٹھیک سے چل بھی نہیں پارہے ، صحافی ڈاکٹر نوید الٰہی نے ان کی اپیل پر مبنی ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں سرفراز نواز نے کہا کہ جب سے پاکستان کرکٹ بورڈ میں کرپشن اور جوئے کے شوقین افراد سے متعلق ثبوت پیش کئے ہیں کرکٹ بورڈ میرا دشمن بن چکا ہے جس کے بعد میری پنشن بند کر دی گئی ہے اور یوں میرا ذریعہ معاش ختم ہو چکا ہے ۔

سرفراز نواز نے کہا کہ احسان مانی نے مجھے آؤٹ آف کورٹ معاملہ حل کرنے سے متعلق ایک شخص کے ذریعے رابطہ کیا تھا جس پر میں متفق بھی تھا مگر اب کہا جا رہاہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کیس واپس لو اور معافی مانگو جس کے بعد سوچیں گے ، یہ سب کچھ احسان معانی صرف عمران خان کو خوش کرنے کیلئے کر رہا ہے ، عمران خان اور کرکٹ بورڈ میرا دشمن بنا ہوا ہے ، اب میں صرف آرمی چیف سے ہی اپیل کر سکتا ہوں کہ وہ بھی ایک سپورٹس مین رہ چکے ہیں ، میرے اپیل پر نوٹس لیتے ہوئے میری پنشن بحال کرنے اور واجبات کی ادائیگی کیلئے کردار ادا کریں ۔

سرفراز نواز نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ میرے دل کیلئے دو سٹنٹ ڈالے جا چکے ہیں جبکہ میں شوگر کا بھی مریض ہوں ، میری مالی امداد کیلئے میری پنشن بحال کی جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں